اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سینیٹر عابد شیر علی نے خیبر پختونخوا حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نیشنل ایکشن پلان (NAP) پر عمل درآمد نہیں کر رہی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ اگر بانی تحریک انصاف بیمار ہیں تو اللہ انہیں صحت دے، اور ہم اُن کی طرح کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اُڑاتے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو کوئی بیماری نہیں ہے، اور نواز شریف کے دور میں جب وہ جیل میں تھے، ملاقاتوں پر پابندی تھی، لیکن ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے خود اپنے قائد کو بیمار کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔
سینیٹر عابد شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا گیا اور سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف زہر اگلنے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں ناکام رہی ہے، جس کی وجہ سے امن و امان کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع خیبر کے لنڈی کوتل میں افسوسناک واقعہ: باپ اور بیٹا جاں بحق
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید الزام لگایا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران طالبان کو جیلوں سے رہا کروایا گیا، اور یہ اقدام ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
ان کے مطابق موجودہ حکومت کو فوری طور پر نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے تاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے واقعات کو روکا جا سکے۔





