پاکستان کی سرحدوں پر کوئی جارحیت برداشت نہیں ہوگی، فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ جنگ افغانستان نے شروع کی ہے، لیکن اس کا اختتام پاکستان کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان نے آج دوبارہ پاکستان پر حملے کیے، اور امریکہ کو سوچنا ہوگا کہ ان کا چھوڑا ہوا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔

گورنر نے مزید بتایا کہ پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردی کے ثبوت عالمی فورمز پر پیش کیے ہیں تاکہ دنیا کو اس خطرے سے آگاہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، وزیراعظم

فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ اگر افغان طالبان کوئی مؤثر کارروائی نہیں کریں گے تو پاکستان دہشت گردوں کے خلاف خود کارروائی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی جارحیت کرنے پر افغان دہشت گردوں کو منہ کی کھانی پڑی تھی، اور آئندہ بھی پاکستان سرحدی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا۔

جبکہ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی افواج کو افغان طالبان کو منہ توڑ جواب دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ افواج پاکستان جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کے امن و تحفظ پر کسی بھی حال میں آنچ نہیں آنے دیں گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہیں اور ہر محاذ پر دشمن کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی کارروائی کے بعد طالبان کی تاریخی شکست، کمانڈران نے دہشت گردوں کو بھاگنے کی ہدایت جاری کر دی

انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر دفاعی حکمت عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

Scroll to Top