معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان کا عظمی بخاری کے بیان پر ردعمل

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں خیبرپختونخوا کے معاملات پر بے بنیاد اور گمراہ کن بیانات دینے سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

شفیع جان کا کہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج جیسے فلاحی اقدام پر سیاست چمکانا پنجاب حکومت کی بے حسی کا واضح ثبوت ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں رمضان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو امدادی رقم کی شفاف تقسیم کا عمل باقاعدہ شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں میں امداد کی تقسیم کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے محض جھوٹ اور منفی سیاسی پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے وزراء خیبرپختونخوا پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے صوبے کی بدترین کارکردگی کا جواب دیں اور عظمیٰ بخاری عوام کو بتائیں کہ جعلی وزیراعلیٰ کے لیے خریدے گئے طیارے کا حساب کون دے گا۔

شفیع جان نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود اور مستحقین کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے اور امداد کی تقسیم کے شفاف طریقہ کار کو سیاسی رنگ دینا شرمناک عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان آج بھی مسلم لیگ (ن) کے وزراء کے اعصاب پر سوار ہیں اور وہ انہیں جعلی مقدمات میں پابندِ سلاسل رکھنے کے باوجود ان کی عوامی مقبولیت سے بری طرح خوفزدہ ہیں۔

Scroll to Top