بھارتی فضائیہ کا ایک اور جدید ترین لڑاکا طیارہ سوخوئی SU-30 ریاست آسام میں معمول کی پرواز کے دوران لاپتہ ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے نے آسام کے شہر جورہاٹ سے شام 7 بجکر 42 منٹ پر اڑان بھری تھی جس کے کچھ ہی دیر بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
طیارے کے ریڈار سے غائب ہوتے ہی انڈین ایئر فورس میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر لاپتہ پائلٹس کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دفاعی حکام کے مطابق طیارہ آسام کے دشوار گزار پہاڑی ضلع کاربی آنگونگ کے اوپر پرواز کر رہا تھا جب اس کا رابطہ ٹوٹا۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ چند دنوں کے دوران بھارتی فضائیہ کے حفاظتی پروٹوکولز پر پہلے ہی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ فروری 2026 میں مقامی ساختہ تیجس طیارے کی تباہی کے بعد اب صفِ اول کے سوخوئی طیارے کا لاپتہ ہونا بھارتی فضائیہ کی ٹیکنالوجی اور مینٹیننس کے دعوؤں کی قلعی کھول رہا ہے۔





