صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ متعدد اہم بلوں اور سمریوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ بلز اب ایکٹ کی صورت اختیار کر گئے ہیں۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے نیب ترمیمی بل کی منظوری دے دی جو کہ ملک کے احتسابی نظام میں اہم تبدیلیوں کے حوالے سے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ صدر مملکت نے ورچوئل اثاثہ بل کی بھی منظوری دی ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل اثاثوں کے حوالے سے قانونی ڈھانچہ فراہم کرنا ہے۔
ایوان صدر کے مطابق منظور کیے گئے دیگر بلوں میں آئی سی ٹی بزرگ شہری ترمیمی بل بھی شامل ہے جس کے ذریعے اسلام آباد میں مقیم عمر رسیدہ افراد کے حقوق اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ترامیم کی گئی ہیں۔
صدر مملکت نے نجکاری کمیشن ترمیمی بل کی بھی توثیق کی ہے جس سے نجکاری کے عمل کو مزید شفاف اور فعال بنانے میں مدد ملے گی۔
صدر مملکت نے بھنگ کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل کی بھی منظوری دے دی ہے۔





