کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد اب تک 37 سفارتکاروں سمیت 1979 افراد براستہ تفتان پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ایران میں کشیدہ صورت حال کے پیش نظر بلوچستان کی تمام متعلقہ مشینری الرٹ ہے اور پاکستان-ایران سرحد کے راستے پاکستانی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تفتان بارڈر پر آنے والے تمام افراد کو ہر ممکن سہولیات اور ضروری معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 1979 افراد پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں جن میں 37 سفارتکار بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا، ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ ایران میں موجود وطن واپسی کے خواہش مند پاکستانی شہری سفارت خانے سے رابطہ کریں۔
وہ شہری تہران میں سفارتخانہ یا مشہد اور زاہدان کے قونصل خانوں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ مدثر ٹیپو نے کہا کہ موجودہ صورت حال کے باعث مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے شہری بروقت رابطہ کریں تاکہ محفوظ اور جلد انخلا ممکن بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : عیدی کے لیے نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ
اسی سلسلے میں وزیر اعظم نے ایران سے پاکستانیوں کے انخلا اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے اجلاس میں کہا کہ ایران سے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے برادر ملک آذربائیجان کی مدد کے مشکور ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایران سے پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ رہے ہیں اور آذربائیجان میں پاکستانی سفارتخانہ پوری طرح متحرک ہے تاکہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بلوچستان حکومت اور پاکستانی سفارت خانوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ایران میں موجود شہریوں کی حفاظت اور انخلا کے اقدامات تیز تر اور مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات کے مطابق رابطہ کریں تاکہ ایران میں موجود پاکستانی محفوظ طریقے سے وطن واپس پہنچ سکیں۔





