پشاور: ڈاکٹر کے گھر کی چوری کا مرکزی ملزم گرفتار، 27 تولے سونا، چاندی اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد

پشاور : کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے ایک بڑی کارروائی میں ڈاکٹر کے گھر سے چوری کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس کارروائی میں پولیس نے 27 تولے سونا، چاندی، آرٹیفشل سامان اور تالہ توڑنے کے لیے استعمال ہونے والے اوزار بھی برآمد کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق ایس پی ورسک ڈویژن فدا حسین کی نگرانی میں ڈی ایس پی ورسک سرکل امجد خان اور ایس ایچ او تھانہ مچنی گیٹ بہرہ مند شاہ خان کی قیادت میں تفتیشی ٹیم نے جامع تحقیقات کے بعد مرکزی ملزم اویس ولد خلیل الرحمان کو گرفتار کیا، جو اسلم ڈیری کا رہائشی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کی بیوی کئی سالوں سے ڈاکٹر کے گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی رہی اور اسی کی ایماء پر دونوں نے چوری کی منصوبہ بندی کی تھی۔ غیر موجودگی میں ڈاکٹر کے اہل خانہ کے گھر سے قیمتی سامان چرایا گیا۔

واقعہ کے فوری نوٹس پر مدعی ڈاکٹر عبدالجلیل نے تھانہ مچنی گیٹ میں شادمان کالونی میں اپنے گھر سے چوری کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں 13 صحت مراکز نشانہ، ڈبلیو ایچ او نے تصدیق کر دی

پولیس نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج، جیو فینسنگ اور دیگر جدید سائنسی طریقے استعمال کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری ممکن بنائی۔ گرفتار مرکزی ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کے ساتھ مل کر چوری کی واردات کی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 27 تولہ سونا، چاندی، آرٹیفشل سامان اور تالہ توڑنے والے اوزار برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ملزم کی بیوی کی گرفتاری کے لیے بھی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، اور مزید تفتیش جاری ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے قیمتی سامان کی حفاظت کے لیے محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔

Scroll to Top