واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف مکمل کارروائی کے لیے تیار ہے اور ہم سب سے پہلے ایران کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران پر حملے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکہ نے ایرانی بحریہ کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے اور ایران کی میزائل و ڈرون صلاحیتوں کو بھی مسلسل کم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاہم ہر گھنٹے ایران کے میزائل اور ڈرون صلاحیت کم کر رہے ہیں۔ اب ایران کے پاس نہ فضائیہ باقی ہے اور نہ فضائی دفاعی نظام، اور ان کے تمام طیارے تباہ ہو چکے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ آئندہ ایران کی قیادت کرنے والے کسی بھی فرد کو یقینی بنانا ہے کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کو دھمکی نہ دے۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ڈیل کے لیے رابطہ کیا لیکن امریکہ نے کہا کہ اب بہت دیر ہو گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈرز اور دنیا بھر میں تعینات ایرانی سفارتکاروں سے مطالبہ کیا کہ وہ حکومت سے علیحدگی اختیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: ڈاکٹر کے گھر کی چوری کا مرکزی ملزم گرفتار، 27 تولے سونا، چاندی اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد
انہوں نے کہا کہ جو بھی پاسداران انقلاب کے کمانڈرز اپنے عہدے چھوڑ دیں گے، انہیں مکمل استثنیٰ دیا جائے گا، بصورت دیگر انہیں ہلاک کر دیا جائے گا۔
امریکی صدر نے ایرانی سفارتکاروں سے اپیل کی کہ وہ مختلف ممالک میں موجود ایرانی سفارت خانوں سے الگ ہو کر پناہ حاصل کریں اور ایک نئے اور بہتر ایران کی تشکیل میں امریکہ کی مدد کریں۔
مزید برآں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ تیل کی قیمتوں پر دباؤ کم کرنے کے لیے بھی امریکہ جلد اقدامات کرے گا تاکہ عالمی مارکیٹ میں استحکام برقرار رہے۔





