پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر، فروری میں ہزاروں نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

پاکستان میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہیں اور فروری کے مہینے میں ہزاروں نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق فروری 2026 میں ملک میں 3,444 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 287,049 ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 82 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری شامل تھی، جس میں چین کے افراد نے 44 کمپنیوں میں ڈائریکٹر شپ حاصل کی، جبکہ امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہریوں نے بھی نئی کمپنیوں میں حصہ لیا، غیر ملکی سرمایہ کاری زیادہ تر مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی، ای کامرس سیکٹرز میں ہوئی۔

صوبوں کے لحاظ سے رجسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 1,696، اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ شعبہ وار رجسٹریشن میں سب سے زیادہ کمپنیاں آئی ٹی اور ای کامرس میں رجسٹر ہوئیں، جن کی تعداد 723 تھی، اس کے بعد ٹریڈنگ میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ میں 323 کمپنیاں شامل ہیں، اس کے علاوہ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم، صحت، کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز کی کمپنیاں بھی رجسٹر ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سیاحت کا نیا باب، سہیل آفریدی کی زیر صدارت اجلاس، اربوں روپے کی سرمایہ کاری متوقع

ایس ای سی پی کے مطابق یہ اعداد و شمار پاکستان میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور کاروباری اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں، اور ملکی سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری کی علامت ہیں۔

Scroll to Top