ملاکنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ کے علاقے جالاوانان کے مقام پر دریائے سوات میں نہاتے ہوئے دو کم عمر نوجوان ڈوب گئے ہیں جن کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 ملاکنڈ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی غوطہ خوروں اور میڈیکل ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا جو لاپتہ نوجوانوں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوانوں کی شناخت 17 سالہ شعیب اور 16 سالہ عزیر کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق لوئر دیر کے علاقے اوچ سے بتایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : میرانشاہ میں خوارج کا خودکش حملہ،بچوں سمیت 13 افراد زخمی
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی کارروائیاں جاری رکھی جا رہی ہیں تاہم دریا کے تیز بہاؤ کے باعث سرچ آپریشن میں دشواری کا سامنا ہے۔





