حکومت پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت سے نمٹنے اور ایندھن کی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لیے خام تیل کے چار بڑے بحری جہازوں کا بندوبست کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد جنگی حالات کی وجہ سے پیدا ہونے والے کسی بھی ایندھن کے بحران سے بچنا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، ان چار بحری جہازوں میں سے دو امریکہ سے آ رہے ہیں جبکہ ایک سعودی عرب اور ایک متحدہ عرب امارات (UAE) سے منگوایا گیا ہے۔
ان مختلف ممالک سے خام تیل کی درآمد کا مقصد سپلائی کے ذرائع کو متنوع بنانا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ملکی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ حکومت نے ایک خصوصی میکانزم بھی وضع کیا ہے جس کے تحت غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے تاکہ عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مشرق وسطیٰ کے تنازع کے اثرات سے مقامی مارکیٹ کو محفوظ رکھا جا سکے۔





