خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت میں توسیع کا معاملہ،پارلیمانی کمیٹی تشکیل

شاہد جان

خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت میں توسیع کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی کی سربراہی رکن صوبائی اسمبلی نذیر احمد عباسی بطور کنوینر کریں گے جبکہ دیگر اراکین میں محمد سجاد، اکبر ایوب خان، طارق سعید، میاں شرافت علی، احتشام علی، محمد انور خان، آصف خان، احمد کنڈی، سجاد اللہ اللہ، ملک طارق اعوان، ارباب محمد وسیم اور محمد نثار شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کی مدت میں توسیع کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لے اور اپنی سفارشات تین روز کے اندر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو پیش کرے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کے لیے کورم چار اراکین پر مشتمل ہوگا۔

یہ کمیٹی صوبے میں بلدیاتی اداروں کی مدت اور متعلقہ امور کے حوالے سے آئینی و قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

Scroll to Top