ایچ ای سی کا مستحق طلبہ کے لیے ایک ہزار اسکالرشپس دینے کا اعلان

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے کے مقصد سے ایک ہزار اسکالرشپس دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ اسکالرشپس بالخصوص بلوچستان اور سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مستحق طلبہ کے لیے مختص کی گئی ہیں تاکہ ان علاقوں کے نوجوانوں کو ملک کی مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان تعلیمی عدم توازن کو کم کرنا اور پسماندہ خطوں کے طلبہ کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق کئی باصلاحیت طلبہ مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کر پاتے، اس اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے انہیں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : مشرقِ وسطیٰ صورتحال :حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ

کمیشن کے مطابق یہ اسکالرشپس تعلیمی سال 2026-2027 کے لیے دی جائیں گی، جن کے تحت منتخب طلبہ کو ملک کی مختلف سرکاری جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ اس مالی معاونت میں تعلیمی اخراجات سمیت دیگر ضروری تعلیمی سہولیات شامل ہوں گی۔

ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے بلوچستان اور فاٹا کے طلبہ کو قومی تعلیمی نظام میں زیادہ سے زیادہ شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ بھی جدید تعلیم اور بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔

Scroll to Top