اسلام آباد: سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے ایک نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے بھارت اور اسرائیل کے تعلقات کے حوالے سے سخت الفاظ میں انتباہ دیا اور کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت یا اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کرے گا۔
ناصر جنجوعہ نے کہا کہ اگر امریکا، بھارت اور اسرائیل کا ٹرائیکا بناتا ہے تو اصل نقصان بھارت کو ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے ذریعے بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے اور پاکستان کسی ایسی دنیا کا حصہ نہیں بننا چاہتا جہاں اس کی موجودگی نظر انداز کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے جنگ کی کوشش کی تو یہ کوئی عام جنگ نہیں ہوگی بلکہ ایٹمی سطح تک پہنچ سکتی ہے۔
جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے کہا دشمن نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا تو پتہ چل جائے گا کہ یہ پاکستان ہے، کوئی سافٹ اسٹیٹ نہیں۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان ٹی ٹی پی یا طالبان کے ذریعے دشمن کے لیے کھیل نہیں بننے دے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول مہنگا کرنے پر سابق وزیراعظم نے کیا وضاحتیں دی تھیں؟ ویڈیو وائرل ہو گئی
افغانستان کے حوالے سے سوال کے جواب میں ناصر جنجوعہ نے کہا کہ گزشتہ 44 سال میں پاکستان نے افغانستان کے لیے جو کچھ کیا، اس کو جانچ پڑتال یا آزمائش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام کے ساتھ ہمیشہ مدد اور روٹی بانٹی، لیکن ان کی طرف سے دل آزاری بھی ہوئی ہے۔ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ جیسے بھارت کو سبق سکھایا گیا، اب افغانستان کو بھی سبق دیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان کی پالیسی واضح ہے: ملک کی سرحدیں، قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیت کسی صورت خطرے میں نہیں آنے دی جائے گی اور دشمنوں کو بھرپور جواب دینے کے لیے ہر ممکن تیار رہیں گے۔





