خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں موسم بہار کے ساتھ شجرکاری مہم کا آغاز

خیبرپختونخوا: موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع اپر چترال، مالاکنڈ، دیر اور باجوڑ میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا، آلودگی میں کمی لانا اور ایک سرسبز و شاداب ماحول کو یقینی بنانا ہے۔

اپر چترال میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فارسٹ کے تعاون سے شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال کے دفتر میں کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ درخت لگانا نہ صرف ماحول کی بہتری کے لیے ضروری ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور اس مہم کو کامیاب بنائیں۔

ادھر ضلع باجوڑ میں شجرکاری مہم کے تحت موسم بہار 2026 کے دوران 4 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ڈی سی باجوڑ شاہد علی خان نے خود پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا اور ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر اور دیگر انتظامی افسران کو ہدایات دیں کہ ضلع بھر میں جاری شجرکاری کے ساتھ ساتھ جنگلات کی کٹائی کو روکنے کے اقدامات بھی یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔

اسی طرح مالاکنڈ میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ شکیل احمد نے تحصیل کمپلیکس بٹ خیلہ میں امرود، آلوبخارا اور لیموں کے پودے لگا کر شجرکاری مہم بہار 2026 کا باقاعدہ آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت پاکستان کی طرف آنے سے پہلے سو بار سوچے گا، ناصر جنجوعہ

انہوں نے ماحولیاتی بہتری اور سرسبز و شاداب پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اہمیت پر زور دیا اور اسے ایک صدقہ جاریہ قرار دیا۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق شجرکاری نہ صرف زمین کے کٹاؤ کو روکتی ہے بلکہ ہوا کی آلودگی میں کمی، درجہ حرارت کے توازن اور پانی کے وسائل کی حفاظت میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔

خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ مہم پورے صوبے میں جاری رہے گی اور عوامی شمولیت سے اسے کامیاب بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔

مقامی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات نے اپیل کی ہے کہ ہر شہری شجرکاری میں حصہ لے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک سبز اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

Scroll to Top