پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مزمل اسلم کا سخت ردعمل

پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کے لیے مشکلات کا پہاڑ کھڑا کرے گا۔

مزمل اسلم نے کہا کہ ملک میں پہلے ہی 45 فیصد افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور بے روزگاری کی شرح 21 سال کی بلند ترین سطح پر ہے، ایسے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ عوام پر مزید اقتصادی بوجھ ڈالے گا۔

انہوں نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی موجودہ قیمت 80 ڈالر فی بیرل ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ اگر یہ قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تو وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 500 روپے اضافہ کرے گی؟ ان کے مطابق یہ صورتحال عام شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہو جائے گی۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کرنے چاہئیں اور قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنے کی حکمت عملی وضع کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : حالات بہتر ہوتے ہی پیٹرولیم قیمتیں فوراً کم کریں گے، علی پرویز ملک

حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا کہ پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یہ اضافہ عوام کی روزمرہ ضروریات پر براہِ راست اثر ڈالے گا، جس کی وجہ سے تجزیہ کار اور سیاسی حلقے اس فیصلے پر بحث کر رہے ہیں۔

مزمل اسلم نے اپیل کی کہ وفاقی حکومت عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کے بعد فوری ریلیف اقدامات کرے تاکہ معاشرتی اور اقتصادی دباؤ کم ہو سکے۔

Scroll to Top