پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کر کے حکومت نے عوام پر بوجھ بڑھایا، شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت نے ایک ہی جھٹکے میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ کر کے پہلے سے مہنگائی کا شکار عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر کر دی ہے، حالانکہ اس اضافے کی کوئی واضح معاشی وجہ نظر نہیں آتی۔

ان کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمت کا بڑا حصہ ٹیکسز اور لیویز پر مشتمل ہے، اور شہری ہر لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سے زائد ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کو بہانہ بنا کر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، حالانکہ ملک میں پہلے سے خریدے گئے تیل کے ذخائر موجود تھے۔ ان کے بقول حکومت کو چاہیے تھا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرتی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر مزمل اسلم کا سخت ردعمل

شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ خاص طور پر کسانوں اور تنخواہ دار طبقے کے لیے شدید مشکلات پیدا کرے گا، کیونکہ گندم کی کٹائی کے موسم میں مہنگا ڈیزل زرعی اخراجات میں اضافے کا سبب بنے گا۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری ٹیکس کم کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ مہنگائی کے اثرات کم ہوں اور عام شہریوں اور کسانوں کی زندگی میں آسانی آئے۔

Scroll to Top