کامران علی شاہ
پشاور ہائیکورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔
یہ درخواست گل دراز خان ایڈووکیٹ نے سلیمان خان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے جس میں وفاقی حکومت، سیکرٹری پیٹرولیم اور سیکرٹری اوگرا سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کا موقف ہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کر کے مہنگائی سے پسی ہوئی عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے۔
درخواست میں اس نکتے کو اٹھایا گیا ہے کہ حکومت قیمتوں میں اضافے کی وجہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کو قرار دے رہی ہے حالانکہ جن ممالک کے درمیان براہِ راست جنگ ہو رہی ہے وہاں ابھی تک قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں کیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں قیمتوں کا یہ اضافہ سمجھ سے بالاتر اور عوامی مفاد کے مکمل خلاف ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا جائے۔





