محمد اعجاز آفریدی
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر تمام منسلک محکموں، فارمیشنز اور ذیلی دفاتر کے لیے ایک اہم ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
سیکرٹری خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ صوبے میں سرکاری امور کی بلا تعطل انجام دہی کو یقینی بنانے کے لیے اب احتیاطی اور بچت پر مبنی اقدامات اختیار کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
محکمہ خزانہ نے تمام سرکاری دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں دانشمندی اور انتہائی کفایت شعاری سے کام لیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق ایندھن کا استعمال صرف ضروری سرکاری فرائض، ہنگامی ردعمل کی سرگرمیوں اور ناگزیر فیلڈ آپریشنز تک محدود رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی بیرونِ اسٹیشن دوروں، غیر ضروری معائنوں اور رسمی سرکاری سفر پر فوری طور پر پابندی یا اسے محدود کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ہدایت نامے میں زور دیا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کا استعمال صرف اور صرف سرکاری مقاصد کے لیے کیا جائے اور جہاں ممکن ہو افسران گاڑیوں کے مشترکہ استعمال یعنی پولنگ کی حوصلہ افزائی کریں۔ ایک ہی سرکاری سرگرمی کے لیے متعدد گاڑیوں کے استعمال سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
مزید برآں ایندھن بچانے کی خاطر تمام اندرونی و بیرونی اجلاسوں کو حتیٰ الامکان ورچوئل یا آن لائن پلیٹ فارمز پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ غیر ضروری نقل و حرکت کو کم کیا جا سکے۔
سیکرٹری خزانہ نے تمام انتظامی دفاتر کو پیٹرولیم الاٹمنٹ اور گاڑیوں کے استعمال کی سخت نگرانی اور ریکارڈ رکھنے کا پابند کیا ہے۔
محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے عملے میں وسائل کے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پیدا کریں۔
اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان بچت مہم کے اقدامات سے بجٹ کی تیاری اور جاری بجٹ کے ضروری عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ ان ہدایات پر فوری اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔





