پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عالمی لہر کا حصہ ہے، افواہوں پر کان نہ دھریں،وزیراطلاعات عطا تارڑ

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عالمی لہر کا حصہ ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں،وزیراطلاعات عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی صورتحال کا نتیجہ ہے اور اس سے صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کے بہت سے دیگر ممالک بھی متاثر ہوئے ہیں۔

عطا تارڑ نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیمتوں کے حوالے سے پھیلائی جانے والی قیاس آرائیوں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں کیونکہ حکومت اور متعلقہ وزارتیں وقتاً فوقتاً درست اور تصدیق شدہ معلومات جاری کرتی رہیں گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر بچت، کفایت شعاری اور سرکاری معاملات میں سادگی لانے کے لیے ایک قابلِ عمل حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام کو 48 گھنٹےکی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے نائب وزیراعظم، وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ چاروں وزرائے اعلیٰ سے فوری ملاقاتیں کریں تاکہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کا استحصال کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے پیٹرول پمپس یا ڈیلرز کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کر دیے جائیں۔

Scroll to Top