عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 106 ڈالر تک جا پہنچی، پاکستان میں اضافہ محدود رکھا: طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے مشرقِ وسطیٰ اور ایران کی حالیہ کشیدہ صورتحال کو عالمی توانائی کے بحران کی بنیادی وجہ قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ محض چند ہی دنوں میں بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت78 ڈالرسے بڑھ کر 106 ڈالر جبکہ ڈیزل کی قیمت تقریباً 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اس شدید عالمی دباؤ اور قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باوجود حکومتِ پاکستان نے ملک میں قیمتوں میں اضافے کو ممکنہ حد تک محدود رکھنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر مملکت نے واضح کیا کہ ریاست اپنی رٹ ہر صورت قائم کرے گی اور کسی کو عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top