بھارت افغانستان کی سرزمین سے دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کر رہا ہے، دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کی سرزمین سے دہشتگرد گروہوں کی سرپرستی کر رہا ہے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے میں ملوث ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بھارتی بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارتی مؤقف کو مضحکہ خیز اور غیر ضروری قرار دیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے دہشتگرد ٹھکانوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں جائز، ہدفی اور درست تھیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت مختلف دہشتگرد گروہوں کی بھارتی سرپرستی دنیا پر عیاں ہو چکی ہے، بھارت کو افغانستان میں اپنے دہشتگرد نیٹ ورک کے خاتمے پر مایوسی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے اور وہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ہندوتوا نظریے کے تحت بھارت میں اقلیتوں کو منظم طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ نئی دہلی خطے میں کشیدگی بڑھانے اور افغانستان میں بھی تخریبی کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے معاملے پر مودی کو شدید تنقید کا سامنا، بھارتی سیاستدان بول پڑے

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے دہشتگردی کو ہوا دینے سے باز رہنا چاہیے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور قومی دفاع کے لیے ہر مناسب اقدام جاری رکھے گا۔

Scroll to Top