سوات کے میدانی اور بالائی علاقوں میں موسم نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
مینگورہ شہر، بریکوٹ، خوازہ خیلہ، بابوزئی، چارباغ اور کبل میں بارش ہو رہی ہے، جبکہ سوات کے بالائی علاقوں جیسے اشو، مٹلتان، کالام، گبرال، ملم جبہ، گبین اور مہوڈنڈ میں برفباری ہو رہی ہے۔
برفباری کے باعث سوات کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں جاتی سردی ٹھہر گئی،محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی
مینگورہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کالام میں منفی 5، مہوڈنڈ میں منفی 8، پلوگاہ میں منفی 9 اور ملم جبہ میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت گر چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔