ہماری کوشش ہوگی کہ ہر میچ میں بہترین کھیل پیش کریں، شاہین اور بابر

اسلام آباد: پی ایس ایل 11 کے آغاز سے قبل ٹیموں کے کپتانوں نے اپنی تیاری اور توقعات کے حوالے سے بات کی ہے، جس سے اس بار کے ایڈیشن میں جوش و حوصلے کا پتہ چلتا ہے۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرزکے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور کوشش ہوگی کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے پہلے دس سال بڑے کامیاب رہے ہیں اور امید ہے کہ اگلے دس سال بھی کامیاب رہیں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کوشش کرے گی کہ بہترین کرکٹ پیش کرے اور کراؤڈ کے موجود ہونے سے کھلاڑیوں کو اضافی حوصلہ ملتا ہے۔

راولپنڈی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا کمبی نیشن ٹھیک نہیں بن رہا، اسی وجہ سے پرفارمنس بہتر نہیں ہو رہی۔

ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے کہا کہ پی ایس ایل میں ان کو نئی ذمہ داری ملی ہے اور وہ اسے اچھے طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔

حیدر آباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ہر میچ پریشر گیم ہوتا ہے اور بڑے پلیٹ فارم پر پرفارم کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 11 کا میدان آج سجے گا

کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ان کی ٹیم میں اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور وہ میچز میں بھرپور کارکردگی دکھائیں گے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بار پی ایس ایل میں کپتانوں کے تجربے اور نئی ذمہ داریوں کا امتزاج دیکھنے کے قابل ہوگا، اور کرکٹ کے شائقین بہترین مقابلے کی توقع رکھ سکتے ہیں۔

ہر ٹیم کی کوشش ہوگی کہ اپنے حریفوں پر برتری حاصل کرے اور ٹورنامنٹ کو دلچسپ اور شاندار بنائے۔

Scroll to Top