کیپٹل اسمارٹ موٹرز نے اپنے نئے الیکٹرک ماڈل جے ایم ای وی ای وی تھری کی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جس نے بجٹ الیکٹرک گاڑیوں کے سیگمنٹ میں نئی ہلچل مچادی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جے ایم ای وی ای وی تھری دو مختلف ورژنز میں دستیاب ہوگی جن میں کمفرٹ ورژن کی قیمت 4,899,999 روپے جبکہ پریمیم ورژن کی قیمت 4,999,999 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ان گاڑیوں کی بکنگ کا عمل اپریل سے 490,000 روپے کے ابتدائی ایڈوانس کے ساتھ شروع کیا جائے گا اور خریداروں کو ان گاڑیوں کی ڈیلیوری جولائی سے ملنا شروع ہو جائے گی۔
ملک میں پیٹرول کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں 50 لاکھ روپے سے کم قیمت میں دستیاب یہ الیکٹرک گاڑیاں متوسط طبقے اور ماحول دوست سواری کے خواہش مند افراد کے لیے ایک بہترین متبادل کے طور پر سامنے آئی ہیں۔
ان گاڑیوں میں سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے جدید فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں اور اس اقدام کو پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مقبولیت اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی سمت میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔





