ایران نے 20 پاکستانی جہازوں کی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی منظوری دے دی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تصدیق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک اہم سفارتی پیش رفت کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق ایران نے پاکستانی پرچم بردار مزید 20 بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق اس فیصلے کے تحت روزانہ دو پاکستانی جہاز آبنائے ہرمز سے گزر سکیں گے، جو پاکستان کی سمندری تجارت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ایران کے اس اقدام کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران کا یہ فیصلہ اعتماد سازی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جسے پاکستان سراہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی اعتماد ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کو آبنائے ہرمز کھولنا پڑے گا، ہم ایرانی رجیم کے خطرے کو ختم کر رہے ہیں، ٹرمپ

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

Scroll to Top