پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں آج کرکٹ کے شائقین کے لیے اتوار کا دن انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوگا، جب روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز قذافی اسٹیڈیم میں ایکشن میں ہوں گے۔
دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا ہے۔ کراچی کنگز نے اپنے افتتاحی میچ میں گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دی، جس میں معین علی کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور حسن علی کی تباہ کن باؤلنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے بھی افتتاحی میچ میں نئی ٹیم حیدرآباد کو آؤٹ کلاس کر کے اپنی دھاک بٹھائی۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں کا جائزہ لیا جائے تو کراچی کنگز کو لاہور قلندرز پر واضح برتری حاصل ہے۔ اب تک کھیلے گئے 22 میچز میں سے 14 میچز کنگز نے جیتے ہیں جبکہ 8 میں قلندرز فاتح رہے ہیں۔
آج کا پہلا میچ حیدرآباد اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اپنا پہلا میچ ہار چکی ہیں، اس لیے ان کی کوشش ہوگی کہ آج جیت کا کھاتہ کھول سکیں اور اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں برتری دلا سکیں۔





