پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی قیادت نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ چار فریقی مشاورت کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر غور کیا گیا، جبکہ تنازعات کے پرامن حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے پر زور
وزرائے خارجہ نے علاقائی استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مشترکہ حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسلامی ممالک باہمی روابط کو مضبوط بنا کر خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں مربوط سفارتی اقدامات ناگزیر ہیں، اور پاکستان اس سلسلے میں ایک فعال اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔





