بارشیں ہی بارشیں! سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

بارشیں ہی بارشیں! سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

ملک کے مختلف علاقوں میں مغربی ہواؤں کے داخل ہونے کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جو 31 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج سے بادلوں کا راج رہے گا اور 31 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، اور موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ اور نوشہرہ کے ساتھ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں بارش متوقع ہے۔ ایبٹ آباد، ہری پور، بالاکوٹ، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بنوں، لکی مروت، کرک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سوات، دیر، پٹن اور تیمرگرہ میں بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں دیر میں 4 ملی میٹر جبکہ کالام، پٹن اور تیمرگرہ میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کیچ، پنجگور، آواران، لسبیلہ، حب، گوادر، خضدار، سوراب، قلات اور نوشکی میں بارش متوقع ہے، جبکہ خاران، مستونگ، کوئٹہ، بولان، زیارت، ہرنائی، کچھی، سبی، کوہلو اور بارکھان میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ڈیرہ بگٹی، ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور چمن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اور بعض مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث خضدار، کیچ اور شمالی اضلاع کے پہاڑی ندی نالوں میں ہلکے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top