ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرنے کا سب سے آسان طریقہ، ابھی جانیں

ماہرین صحت نے حال ہی میں یہ باور کرایا ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں چند معمولی تبدیلیاں دل کے امراض کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتی ہیں۔

یورپی جرنل آف پریوینٹو کارڈیالوجی میں شائع تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص روزانہ صرف 10 سے 15 منٹ زیادہ نیند لے، تھوڑی سی چہل قدمی کرے اور خوراک میں سبزیوں کا اضافہ کرے تو دل کے دورے اور فالج جیسے سنگین امراض کے امکانات میں خاطر خواہ کمی آ سکتی ہے۔

تحقیق میں 53 ہزار سے زائد افراد پر آٹھ سال تک روزمرہ عادات کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ چھوٹے مگر مسلسل اقدامات اپنانے سے دل کی بیماریوں کا خطرہ تقریباً 10 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر لوگ مکمل نیند (روزانہ 8 سے 9 گھنٹے)، باقاعدہ ورزش اور متوازن غذا کو معمول بنائیں تو یہ خطرہ 50 فیصد سے بھی زیادہ کم کیا جا سکتا ہے۔

شرکاء کی نیند اور جسمانی سرگرمیوں کو اسمارٹ واچز کے ذریعے مانیٹر کیا گیا جبکہ ان کی خوراک کے بارے میں معلومات براہِ راست حاصل کی گئیں۔ اس دوران دو ہزار سے زائد افراد میں دل سے متعلق سنگین مسائل ریکارڈ کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے میزائل نے بیئر شیبا صنعتی زون میں کیمیائی پلانٹ کو نشانہ بنایا

سڈنی یونیورسٹی کے محقق ڈاکٹر نکولس کومل کے مطابق زندگی میں اچانک بڑی تبدیلیاں کرنے کی بجائے چھوٹی اور مستقل تبدیلیاں زیادہ مؤثر اور پائیدار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روزمرہ معمولات میں یہ معمولی اضافے طویل مدت میں دل کی صحت پر گہرا مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔

برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کی ماہر ایملی میک گرا نے بھی تصدیق کی کہ صحت مند رہنے کے لیے اپنی زندگی کو مکمل طور پر بدلنے کی ضرورت نہیں، بلکہ چند منٹ کی معمولی تبدیلیاں بھی طویل مدت میں بڑی صحت بخش نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔

یہ تحقیق واضح کرتی ہے کہ دل کی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے کے لیے چھوٹی، آسان اور روزمرہ کی عادات میں تبدیلی ہی سب سے مؤثر اور قابلِ عمل حکمت عملی ہے۔

Scroll to Top