شہزاد راجہ
مردان کی تحصیل رستم کے علاقے ننگ آباد درنگ میں مائننگ کے دوران مٹی کا تودہ گرنے کا بڑا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق مائننگ کے دوران اچانک سلائیڈنگ ہونے سے متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی 7 ایمبولینسز، ڈیزاسٹر گاڑی اور ایکسکیویٹر فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ریسکیو ٹیموں نے انتھک محنت کے بعد اب تک 3 زخمیوں اور 6 جاں بحق افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکال لیا ہے۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں اب بھی جاری ہیں تاکہ مکمل طور پر تسلی کی جا سکے کہ مزید کوئی شخص ملبے تلے موجود نہیں۔





