پی ایس ایل 11،ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگزمین کو ہرادیا

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگزمین کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے حیدرآباد کی جانب سے دیا گیا 226 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 19ویں اوور میں محض 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر دیا۔

ملتان سلطانز کی اس تاریخی جیت کے اصل ہیرو اوپنر صاحبزادہ فرحان رہے، جنہوں نے 55 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری داغ دی۔ ان کی جارحانہ اننگز میں 7 بلند و بالا چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔ ان کا بھرپور ساتھ تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ نے دیا جو 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر بیٹرز میں شان مسعود نے 29 رنز بنائے جبکہ جوش فلپس اور کپتان ایشٹن ٹرنر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے بولنگ لائن میں صائم ایوب دو وکٹیں لے کر کامیاب رہے جبکہ مہیش تھکشانا اور حسان خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ تاہم وہ سلطانز کے بلے بازوں کو ہدف کے تعاقب سے روکنے میں ناکام رہے، جس کے باعث حیدرآباد کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس سے قبل حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 225 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا۔ معاذ صداقت نے صرف 26 گیندوں پر 62 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور شرجیل خان نے 51 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا، لیکن ان کی یہ محنت صاحبزادہ فرحان کی سنچری کے سامنے رائیگاں گئی۔

کنگزمین کے دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب نے 27، عثمان خان نے 25 اور عرفان نیازی نے 22 رنز بنائے۔ کپتان مارنس لبوشین صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سید سعد علی نے 23 رنز کا اضافہ کیا۔

ملتان سلطانز کی طرف سے محمد وسیم جونیئر نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ پیٹر سڈل اور ایشٹن ٹرنر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

میچ کے آغاز میں حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ تقسیم کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top