پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی برقرار رکھنا بڑا چیلنج تھا جسے حکومت نےکامیابی سے سنبھالا ،خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کسی ایک ملک کا ذاتی فیصلہ نہیں بلکہ یہ اسرائیل کے جنگی جنون، مسلم دشمنی اور جارحانہ عزائم کا براہِ راست نتیجہ ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرجاری بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ جن مسلم ممالک سے تیل نکلتا ہے یا جن کی حدود سے گزر کر دنیا تک پہنچتا ہے، وہ سب اسرائیل کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی کے جنون سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک میں اس وقت ایندھن کی شدید قلت اور ہنگامی صورتحال ہے، ایسے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کو برقرار رکھنا ایک بڑا چیلنج تھا جسے حکومت نے کامیابی سے سنبھالا اور ملک کو قلت سے بچایا۔ تاہم، ملک کو کسی بڑے معاشی بحران سے محفوظ رکھنے کے لیے اب ایک متوازن راستہ اپنانا ناگزیر ہو گیا تھا، اسی لیے شدید معاشی دباؤ کے باعث قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا بھرپور احساس ہے، یہی وجہ ہے کہ وفاق اور صوبوں نے تمام تر ترقیاتی اور غیر ضروری اخراجات کو موخر کر کے تمام مالی وسائل تیل کی قیمتوں کو سپورٹ کرنے میں ڈال دیے ہیں۔

انہوں نے قوم کو یقین دلایا کہ جیسے ہی عالمی حالات میں بہتری آئے گی، حکومت کی جانب سے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

Scroll to Top