بنوں، مکان کی چھت گرنے سے2 بچے زندگی کی بازی ہار گئے

بنوں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں میریان روڈ پر لیڑے پل کے قریب مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت منوا اور سنان کے ناموں سے ہوئی ہے جو آپس میں بہن بھائی تھے۔

حادثے میں زخمی ہونے والی خاتون کو ملبے سے نکال کر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مسلسل بارش اور خراب موسم کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید دشواری کا سامنا رہا، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے مقامی افراد کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔

بنوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش کا سلسلہ آج بھی برقرار ہے جس کی وجہ سے کچی آبادیوں اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کئی کچے مکانات کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ بنوں نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔

Scroll to Top