محکمہ موسمیات کی طوفانی بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کی طوفانی بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں 5 سے 9 اپریل کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔

پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 6 سے 9 اپریل کے دوران راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور لاہور میں بارش کا امکان ہے جبکہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بادل برسیں گے۔

اس کے علاوہ فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی تیز ہوائیں چلنے اور بارش کی توقع کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع بشمول پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 5 سے 9 اپریل کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، مالاکنڈ، چترال اور باجوڑ میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان میں 5 سے 7 اپریل کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، لسبیلہ، گوادر، تربت اور پنجگور میں موسم ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے۔ کاشتکاروں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہیں۔ سیاحوں کو بھی پہاڑی علاقوں میں قیام و طعام کے دوران انتہائی محتاط رہنے اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

Scroll to Top