وزیراعظم شہبازشریف نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت عوامی ریلیف اقدامات پر ایک اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں مہنگائی خصوصاً پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں جاری ریلیف پروگرامز پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو مالی معاونت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے، یہ ریلیف رقم جدید نظام کے تحت ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت اور تیز تر ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بسوں، ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں کو دی جانے والی سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، تاکہ عوام تک اس کے ثمرات جلد پہنچ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل رکشہ والوں کیلئے بڑی خوشخبری، حکومت کا اربوں روپے سبسڈی دینے کا اعلان
وزیراعظم نے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کفایت شعاری و سادگی کے ذریعے بچائی گئی رقم عوامی فلاح پر خرچ کی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں، جس سے کسی ممکنہ بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں مصدق ملک، عطا تارڑ، علی پرویز ملک سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ عوامی ریلیف اقدامات کے نفاذ پر مجموعی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔





