وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ سبسڈی صرف رجسٹرڈ گاڑیوں کو دی جائے گی اور اس کے لیے ایکسائز میں رجسٹریشن لازمی ہوگی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ وزارت آئی ٹی، خزانہ اور اسٹیٹ بینک مل کر کام کر رہے ہیں اور ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سبسڈی کی منتقلی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی گئی اور مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت روزانہ مانیٹرنگ جاری ہے اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں اسٹئیرنگ کمیٹی فعال ہے، عملدرآمد کمیٹی دن میں تین بار پیش رفت کی رپورٹ پیش کرتی ہے۔
پریس کانفرنس میں وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، حکومت نے قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے 129 ارب روپے کا اخراجات کیے ہیں۔
بلال اظہر نے کہا کہ وزیر اعظم نے پہلے دن سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کیے اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پبلک ٹرانسپورٹ، ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی کا آغاز کر دیا
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے اعلان کیا کہ موٹر سائیکلز کے لیے فی لیٹر 100 روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے بھی سبسڈی پیکج جاری کیا گیا ہے۔





