اساتذہ کی سنیارٹی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس خیبرپختونخوا اسمبلی میں جمع

شاہدجان
پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے 35 ہزار اساتذہ کی سنیارٹی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے۔

نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2014 سے 2018 کے دوران این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے اساتذہ تاحال اپنی سنیارٹی سے محروم ہیں۔

احمد کریم کنڈی نے نشاندہی کی ہے کہ ان اساتذہ کودی اپائنٹمنٹ ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ 2018کے تحت مستقل کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود انہیں سنیارٹی نہیں دی گئی۔ دوسری جانب سال 2018 سے 2022 کے درمیان بھرتی ہونے والے اساتذہ کو سنیارٹی دے دی گئی ہے جو کہ ایک واضح امتیازی سلوک ہے۔

توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی اسمبلی سے منظور کردہ دونوں ایکٹس میں سنیارٹی کے حوالے سے تضاد موجود ہے۔

احمد کریم کنڈی نے مطالبہ کیا ہے کہ 2014 سے 2018 کے دوران بھرتی ہونے والے اساتذہ کا حق تسلیم کرتے ہوئے انہیں بھی فوری طور پر سنیارٹی دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اسمبلی میں بحث کے بعد پریزائڈنگ افسر نے اس اہم معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے توجہ دلاؤ نوٹس کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے حوالے کر دیا ہے ۔

Scroll to Top