ضلع مہمند میں افسوسناک واقعات: کئی جانیں ضائع، متعدد افراد کی حالت نازک

شاکر اللہ مہمند
مہمند: قبائلی ضلع مہمند میں شدید بارشوں نے دیگر علاقوں کی طرح بھاری تباہی مچادی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق اب تک پانچ افراد جاں بحق اور نو افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

تحصیل صافی کے علاقے فرش مامد گٹ میں ایک کمرہ منہدم ہونے کے افسوسناک واقعے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔

اسی طرح تحصیل بائزی کے علاقے موسیٰ خیل بابا جوڑ میں ایک شخص کمرہ منہدم ہونے کے نتیجے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

شدید بارش کے باعث مختلف علاقوں میں درجنوں گھروں، دیواروں اور برآمدوں کو نقصان پہنچا اور کئی مقامات پر مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

اس کے علاوہ کھڑی فصلیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں، جس سے مقامی کاشتکاروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز نے متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر متاثرین کی فوری مدد اور ریسکیو آپریشنز شروع کر دیے ہیں۔

زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متاثرہ خاندانوں کو عارضی رہائش اور بنیادی ضروریات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، افواجِ پاکستان کی ریسکیو کارروائیاں جاری

مہمند میں بارش کے اثرات کے پیشِ نظر محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں مزید بارشوں کی وارننگ جاری کی ہے، اور مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ واضح ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں مہمند میں انسانی اور مادی نقصان بڑھ رہا ہے اور ریسکیو ٹیمیں دن رات متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔

مہمند میں بارش کے اثرات نے مقامی آبادی کی زندگی مشکل بنا دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور فورسز کی فوری کارروائیاں انسانی جانیں بچانے اور تباہی کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔

Scroll to Top