تیل کی قیمتوں کو کیا ہوا؟ ایک بار پھر بڑا اضافہ،امریکی تیل 97 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا

تیل کی قیمتوں کو کیا ہوا؟ ایک بار پھر بڑا اضافہ،امریکی تیل 97 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا

عالمی سطح پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے عالمی مارکیٹ میں بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، امریکی خام تیل 3 فیصد اضافے کے ساتھ 97 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچا ہے، جبکہ برطانوی خام تیل 2.2 فیصد اضافے کے بعد 96.86 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں بڑھتی کشیدگی اور جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزیاں عالمی توانائی مارکیٹ پر براہ راست اثر ڈال رہی ہیں، جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس حوالے سے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی 10 نکاتی تجویز کی تین شقوں کی خلاف ورزی ہو چکی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کی پہلی شق پر ہی عملدرآمد نہیں ہو رہا، جو کسی بھی مذاکراتی عمل کے لیے مناسب نہیں۔

دوسری جانب، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کو سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کو لبنان سے جوڑنا درست نہیں، اور اگر ایران اس بنیاد پر معاہدہ متاثر کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کا اپنا فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر کے پاس دوبارہ جنگ کی طرف جانے کے مختلف آپشنز موجود ہیں۔

ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال عالمی مارکیٹ میں مزید اتار چڑھاؤ کا سبب بن سکتی ہے، جبکہ سرمایہ کار محتاط حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top