اہم سفارتی سرگرمی تیز!ایرانی وفد آج رات پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد میں ہونے والے اہم سفارتی ڈائیلاگ کے سلسلے میں ایرانی وفد آج رات پاکستان پہنچے گا، جہاں ایران کے 10 نکاتی امن منصوبے کے تحت مذاکرات کیے جائیں گے۔

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے بیان میں بتایا کہ وفد کا یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے باوجود ہو رہا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر جاری پیغام میں کہا کہ ایرانی عوام میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے اس سفارتی عمل کو متاثر کرنے کی کوششوں پر خدشات موجود ہیں، تاہم ایران امن منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے سنجیدہ ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کی ایک اہم کوشش ہے۔

دوسری جانب، پاکستان کی سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران نے دو ہفتوں کی جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے۔

امریکا کی جانب سے بھی ایک اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد بھیجنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے۔ اس وفد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر برائے ایشیائی امور اسٹیو ویٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ کے مطابق، یہ مذاکرات خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہفتے کی صبح اسلام آباد میں ہوگا، جہاں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے کی موجودہ صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں اور امن کے لیے ایک نئی راہ ہموار ہونے کی امید ہے۔

Scroll to Top