وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلام آباد امن مذاکرات کی میزبانی پر فخر ہے، اور ان مذاکرات کی کامیابی سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور برادر ممالک کی مثبت کوششوں کے نتیجے میں امن کے لیے ایک اہم موقع پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بداعتمادی کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کشیدگی کے بجائے برداشت اور دانشمندی سے کام لینے کی ضرورت ہے، کیونکہ جنگ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق یہ بحران اب صرف خطے تک محدود نہیں رہا بلکہ اس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں، جن میں مہنگائی میں اضافہ، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹ اور عالمی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال شامل ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو اس کے اثرات عام عوام پر پڑیں گے اور مزید لوگ غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات کی کامیابی لاکھوں خاندانوں کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے، اور تاریخ ہمیشہ ان لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو طاقت کے بجائے دانشمندی کا راستہ اپناتے ہیں۔





