وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، اسلام آباد مذاکرات پر پیشرفت سے آگاہ کیا

نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مصر کے وزیرِ خارجہ بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی صورتحال اور اسلام آباد مذاکرات سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، سعودی وزیرِ خارجہ سے گفتگو کے دوران اسلام آباد مذاکرات کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اس موقع پر نائب وزیرِاعظم نے اس بات پر زور دیا کہ تمام فریقین کو جنگ بندی سے متعلق اپنے وعدوں کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے۔

اسی طرح مصر کے وزیرِ خارجہ سے گفتگو میں بھی اسحاق ڈار نے انہیں اسلام آباد مذاکرات اور پاکستان کی جانب سے فریقین کے درمیان رابطے کو آسان بنانے کی کوششوں سے آگاہ کیا، انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ جنگ بندی کے عزم کی پابندی تمام فریقین کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معاہدہ نہ ہونا مذاکراتی عمل کی ناکامی نہیں، پاکستان واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا، رپورٹ

نائب وزیرِاعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لیے مسلسل مکالمہ اور سفارت کاری ناگزیر ہے، جبکہ پاکستان اپنے سفارتی کردار کے ذریعے امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترک وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلیفونک گفتگو کی جس میں اسلام آباد مذاکرات سے متعلق تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب کو مذاکرات کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے جنگ بندی کے وعدوں کی مکمل پاسداری پر زور دیا۔ ترک وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top