محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ایک بار پھر بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہےجس کے مطابق 16 سے 19 اپریل کے دوران بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں 16 سے 19 اپریل کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 17 اور 18 اپریل کو صوبے کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
گلگت بلتستان میں استور، دیامر، غذر، اسکردو اور ہنزہ میں بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ 17 سے 19 اپریل کے دوران مظفرآباد، وادی نیلم اور پونچھ سمیت آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
بلوچستان میں 17 اور 18 اپریل کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، بارکھان، شیرانی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، خضدار اور لسبیلہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 16 سے 18 اپریل کے دوران بادل برسیں گے۔
جنوبی پنجاب کے اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
سندھ میں 16 سے 18 اپریل کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ محکمہ نے کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے فوری پیشگی اقدامات کرنے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔





