اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر خطاب کیا۔ تاہم اس اہم اجلاس میں کئی اہم سیاسی شخصیات کی غیر حاضری نے توجہ حاصل کرلی۔
پیر کے روز ہونے والے اس اجلاس میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی نمایاں رہنما شریک نہیں ہوئے۔
غیر حاضر رہنماؤں میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما اختر جان مینگل اور مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس شامل تھے۔
روایتی طور پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مسلح افواج کے سربراہان بھی شرکت کرتے ہیں، لیکن اس بار وہ بھی اجلاس میں موجود نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ، صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران اپوزیشن کا شور شرابہ
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں جمہوریت کے تسلسل، پارلیمانی روایات اور معیشت کی بہتری پر زور دیا، لیکن اہم شخصیات کی غیر موجودگی نے اجلاس کی اہمیت کو کم کر دیا۔ یہ غیر حاضری کسی غیر اعلانیہ سیاسی پیغام کا حصہ ہے یا محض مصروفیات کی بنا پر، اس پر مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔