بنوں کینٹ حملے میں ہلاک 16 دہشت گردوں میں افغان حملہ آوروں کی شناخت

بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے دوران 16 دہشت گردوں میں سے 2 کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی ہے۔

 ذرائع کے مطابق حملے میں شامل 16 دہشت گردوں میں سے 2 کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیا سے تھا۔

حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت عبد الہادی عرف حماس مہاجر اور شمس اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں حملہ آوروں کا تعلق افغانستان کے صوبہ پکتیا کے ایک گاؤں دروزی سے تھا۔

اس بات کی تصدیق تفتیشی ٹیم نے کی ہے، جس کے مطابق ان دہشت گردوں کا نیٹ ورک افغانستان میں فعال تھا۔

خیال رہے کہ بنوں کینٹ پر 4 مارچ کو 2 خودکش حملے ہوئے تھے، جن میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی۔ حملے کے بعد فورسز نے جوابی کارروائی کی اور تمام 16 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم اب بھی باقی حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے خاندانی پس منظر کی تفصیلات اکٹھی کر رہی ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کو مزید بے نقاب کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں بنوں کینٹ میں دہشتگرد حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا

حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورک کا ہاتھ ہو سکتا ہے، جس پر تحقیقات جاری ہیں۔

حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کے مزید انتظامات کیے گئے ہیں اور سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹس کو مزید مضبوط کیا گیا ہے تاکہ اس طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کو روکا جا سکے۔

Scroll to Top