فیفا ورلڈ کپ میں تاریخی کامیابی پر میکسیکو میں جشن، دم گھٹنے سے 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے

میکسیکو سٹی: فیفا ورلڈ کپ میں 40 سال بعد میکسیکو کی پری کوارٹر فائنل تک رسائی کی خوشیاں ایک افسوسناک سانحے میں بدل گئیں، جہاں جشن کے دوران بھگدڑ اور دم گھٹنے کے واقعات میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 میں میکسیکو نے ایکواڈور کو 0-2 سے شکست دے کر چار دہائیوں بعد پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جس کے بعد ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

فتح کے بعد میکسیکو سٹی میں 10 لاکھ سے زائد فٹبال شائقین جشن منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

شہری انتظامیہ کے مطابق سب سے زیادہ ہجوم شہر کے وسط میں واقع اینجل آف انڈیپنڈنس کے اطراف جمع تھا، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی جشن رات گئے تک جاری رہا اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

تاہم جشن کے دوران مختلف مقامات پر ہجوم کے باعث ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ ریسکیو ٹیموں نے تین بے ہوش افراد کو فوری طبی امداد اور سی پی آر فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت کے نئے آرمی چیف نے پہلے ہی روز آپریشن سندور کی ناکامی کا اعتراف کر لیا

محکمہ صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ لڑکی، 48 سالہ خاتون اور 44 سالہ مرد شامل ہیں، جن کی موت دم گھٹنے کے باعث ہوئی۔

میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگاڈا نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں شہریوں سے اپیل کی کہ خوشیوں کا اظہار ہمیشہ ذمہ داری، احتیاط اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے کیا جائے۔

Scroll to Top