نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی کارروائی، 4.1 ارب روپے سے زائد مالیت کے ریکور شدہ اثاثے آر ڈی اے کے حوالے

نیب اسلام آباد/راولپنڈی کی کارروائی، 4.1 ارب روپے سے زائد مالیت کے ریکور شدہ اثاثے آر ڈی اے کے حوالے

قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد،راولپنڈی نے کرپشن کے ایک بڑے مقدمے میں ریکور کیے گئے 4.1 ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے حوالے کر دیے۔

نیب کے مطابق ریکوری کی باقاعدہ تقریب نیب اسلام آباد،راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں ڈائریکٹر جنرل نیب واقار احمد چوہان نے ریکور شدہ اثاثے، جن میں کیش اور کال ڈپازٹ رسیدیں (CDRs) سمیت منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں شامل ہیں، آر ڈی اے کے نمائندوں کے حوالے کیے۔

یہ کیس آر ڈی اے کے ڈیپارٹمنٹل فنڈز میں بڑے پیمانے پر مبینہ خردبرد سے متعلق ہے، جس میں 321 کال ڈپازٹ رسیدوں کے ذریعے فنڈز کی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا تھا۔ نیب کی تحقیقات کے دوران پلی بارگین، تصفیوں اور براہِ راست ریکوری کے ذریعے 1.75 ارب روپے کی رقم واپس حاصل کی گئی، جبکہ تقریباً 2.3 ارب روپے مالیت کی 31 جائیدادیں منجمد کر کے ان کے لیے ریسیور مقرر کیا گیا۔

نیب حکام کے مطابق یہ کامیاب کارروائی ڈائریکٹر جنرل نیب واقار احمد چوہان کی نگرانی میں مکمل کی گئی، جبکہ تحقیقاتی ٹیم میں ڈائریکٹر الیاس قمر، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد حسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر حمزہ اقبال شامل تھے۔

ڈی جی نیب نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی وسائل کی واپسی اور ریکوری نیب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

تقریب کے دوران ریکور شدہ اثاثے باقاعدہ طور پر آر ڈی اے کے حوالے کیے گئے تاکہ قومی خزانے اور ادارے کے واجب الادا وسائل کو ان کے اصل حق دار ادارے کو واپس کیا جا سکے۔

نیب حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا جبکہ باقی ماندہ رقم کی ریکوری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

Scroll to Top