خیبر پختونخوا میں جدید ٹرین سروس کا آغاز، ایک کروڑ آبادی مستفید ہوگی

خیبر پختونخوا میں جدید ٹرین سروس کا آغاز، ایک کروڑ آبادی مستفید ہوگی

منصوبے میں نئے روٹس، سفاری ٹرین کی بحالی اور 200 کلومیٹر ٹریک کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جس سے سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا میں جدید اور بہتر ریلوے سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت صوبے کی تقریباً ایک کروڑ آبادی کو محفوظ، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

منصوبے کے تحت پشاور، نوشہرہ، مردان، درگئی، چارسدہ، ناصر پور (چکنی) اور جمرود کے خصوصی ریلوے روٹس شامل کیے گئے ہیں، جبکہ سیاحت کے فروغ کے لیے جمرود تا لنڈی کوتل سفاری ٹرین سروس کی بحالی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں 200 کلومیٹر ریلوے ٹریک کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ جدید ڈی ایم یو (DMU) ٹرین سیٹس متعارف کروائی جائیں گی تاکہ مسافروں کو بہتر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

اسی طرح تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل ریلوے اسٹیشنوں کی عمارتوں کی مرمت اور بحالی بھی منصوبے کا حصہ ہے، جبکہ صفائی ستھرائی کے انتظامات بہتر بنانے کے لیے لوکل ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف سفری سہولتوں میں بہتری آئے گی بلکہ خطے میں سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

Scroll to Top