وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں، وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم ایران کے دورے کے بعد ترکیہ روانہ ہوں گے، وہ دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر اعلیٰ ترک قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔





